ڈونلڈ ٹرمپ کو بیوقوف نہیں کہا، جان کیلی


واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف جان کیلی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بیوقوف پکارنے کے متعلق لگائے گئے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جان کیلی نے ایک بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ان کے مبینہ گفتگو کے بارے میں رپورٹ بے بنیاد اور بکواس ہے۔

وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف نے کہا کہ ان کے صدر ٹرمپ سے تعلقات غیر معمولی طور پر مضبوط اور صاف گوئی پر مبنی ہیں۔

جان کیلی کے ایک ساتھی زاکری فوئینٹیس کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ‘کیلی ایک میرین ہے، ایک مرتبہ کا میرین ہمیشہ میرین ہوتا ہے اور وہ کمانڈر انچیف کی انتہائی عزت کرتے ہیں’۔

زاکری فوئینٹیس نے کہا کہ انہوں نے کبھی جان کیلی کو صدر کے لیے ایسا لفظ کہتے نہیں سنا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بیوقوف لفظ کا استعمال کرنے کی خبر پہلی مرتبہ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نے نشر کی تھی۔ چینل نے دعویٰ کیا تھا کہ جان کیلی نے گزشتہ سال نجی محفل میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بیوقوف قرار دیا تھا۔

پیر کی شام کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا کہ ‘جعلی خبریں’ آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وجود نہ رکھنے والے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دے کر جعلی خبریں بنائی جارہی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وائٹ ہاؤس میں تمام معاملات معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں کئی بار جان کیلی کی انتظامی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے اور مختلف مواقع پر ان کو تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی اپنے ساتھیوں سے تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ڈونلڈ ٹرمپ نے جان کیلی کو چیف آف اسٹاف کے عہدے سے ہٹا کر سابق فوجیوں کی فلاح وبہبود کے ادارے ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرن افیئرز کے سربراہ مقرر کرنے کا خیال بھی پیش کیا۔

جان کیلی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ ایسی کسی پیش کش کو قبول نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں