گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی، بلاول بھٹو

گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، بلاول بھٹو

یاسین: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل پاسین میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ شہید بھٹو نےغذر کو ضلع کا درجہ دیا۔ غذر والوں نے بے نظیر بھٹو کے نظریہ کو زندہ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے مطالبات کو پیپلز پارٹی نے اپنے منشور کا حصہ بنایا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی گلگت بلتستان کے لوگوں کا مطالبہ ہے۔ صوبہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کا مطالبہ ہے۔ حق ملکیت اور حق حاکمیت بلتستان کے نوجوانوں کا مطالبہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ لوگوں کو پیپلزپارٹی کو جتوانا ہے۔ گلگت بلتستان الیکشن ایک ریفرنڈم ہے۔ پیپلزپارٹی کا منشورگلگت بلتستان کے لوگوں کا منشور ہے۔ 15 نومبر کو تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ اپنے مسائل کے حل کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ جیت آپ کی ہوگی۔

مزید پڑھیں: انتخابات جیت کر گلگت کی تقدیر بدل دیں گے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ آج کے حکمران سبسڈی چھیننے والے ہیں، دینے والے نہیں۔ حکمرانوں کو آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ گلگت بلتستان اور گوادر کی وجہ سےملا۔ سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے لوگوں کو ابھی تک حصہ نہیں ملا۔ وزیراعظم سے پوچھنا چاہیے کہ آپ کو اب گلگت بلتستان کا خیال کیوں آیا؟ وزیراعظم آپ لوگوں کی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہیدلالک جان کو سلام پیش کرنے کے لیے آج پھر جاوَں گا۔ ہر شخص مان رہا ہےکہ جب سےعمران خان آیا ہے کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن میں تبدیلی کا وعدہ کیا گیا، اب کہتے ہیں تبدیلی کوئی میجک بٹن نہیں۔ عمران خان کی سیاست منافقت پر مبنی ہے۔


متعلقہ خبریں