خیبر پختونخوا اسمبلی: نواز شریف کی تقریر کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

خیبر پختونخوا کابینہ

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات قائد نواز شریف کی تقریر کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے جلسے میں نوازشریف کی تقریر کی مذمت کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن رابعہ بصری نے نواز شریف کی تقریر کے خلاف قرارداد پیش کی، جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے لغو الزامات سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، اداروں کے خلاف تقاریر پر پابندی لگنی چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا تھا کہ جن مشیروں نے نواز شریف کی تقریر لکھی اور کروائی، انہوں نے ان کے پاؤں پر کلہاڑی ماری۔

یہ بھی پڑھیں: کسی ادارے سے کبھی کوئی قرضہ معاف نہیں کرایا، چودھری شجاعت حسین

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر کا مفہوم یہ ہے کہ وہ  سیاستدانوں کے نہیں اداروں کے خلاف ہیں کیونکہ انہوں نے سیاست دانوں کے بجائے اداروں کو ہدف بنایا۔

رہنما مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہر دفعہ اقتدار ملنے کے بعد اداروں کو کمزور کیا، نوازشریف کو قومی استحکام، یکجہتی اور ملکی سلامتی کے اسباب پیدا کرنے چاہیے تھے جو کہ انہوں نے نہیں کیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ نوازشریف کے مطابق ملک کو لیبارٹری بنا دیا گیا جبکہ اس کی بنیاد انہوں نے خود رکھی تھی، نواز شریف نے 1990 کے الیکشن میں دن 12 بجے خود ہی رزلٹ کا اعلان کر دیا۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہی الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ فوج الیکشن کی ذمہ داری لے۔


متعلقہ خبریں