اسکردو: کوسٹر پر پہاڑی تودا گر گیا، 16 مسافر جاں بحق

اسکردو: کوسٹر پر پہاڑی تودا گر گیا، 16 مسافر جاں بحق

اسکردو: گلگت بلتسان کے ضلع اسکردو میں روندو تنگوس کے مقام پر کوسٹر پر پہاڑی تودا گر گیا، جس کے نتیجے میں 16 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ کوسٹر راولپنڈی سے اسکردو آرہی تھی۔

اسکردو میں ہم نیوز کے نمائندے محمد علی انجم کے مطابق روندو تنگوس کے مقام پر رات گئے پہاڑی تودہ مسافر کوسٹر پر آگرا، جس کے باعث کوسٹر مسافروں سمیت ملبے تلے دب گئی۔  سماء ٹریول کمپنی کی بد قسمت کوسٹر راولپنڈی سے سکردو آتے ہوئے رات گئے حادثے کا شکار ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر سکردو ڈاکٹر محمد انس اقبال کے مطابق جائے حادثہ کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبیلو او) کی امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ملبے سے نکال کراسپتال منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: اسکردو: ٹریفک حادثہ، 15 نعشیں مل گئیں، 13 کی تلاش جاری

ہم نیوز کے مطابق حادثے میں ایف ڈبلیو او کے چار اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق اہلکاروں کی میتوں کو ایف ڈبلیو او حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی تمام میتوں کو بذریعہ ایمبولینس ریجنل ہیڈ کوارٹرز اسپتال اسکردو منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ میتوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کردی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق  میتوں سے متعلق معلومات کے لیے ریجنل ہیڈ کوارٹرز اسپتال اسکردو میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ ریجنل ہیڈ کوارٹرز اسپتال اسکردو کے ڈاکٹروں کے مطابق  کل 12 میتیں استپال لائی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں