حکومتی یقین دہانی دھری رہ گئی:کراچی میں لوڈشیڈنگ جاری


کراچی:کراچی میں شدید احتجاج اور دھرنوں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب سےنارتھ کراچی، نیو کراچی اوربفرزون میں رات 12  بجےسے تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے بھی لوڈشیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کے الیکٹرک جانب سے قائم شکایتی مراکز کا عملہ لوڈشیڈنگ کی وجوہات اوربحالی کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کررہا ہے۔

صارفین کے مطابق گیس کی دستیابی کے بعد کیبل فالٹس کےنام پر کی جانےوالی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کے مطابق کے الیکٹرک کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ترجمان نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک نےہائی اسپیڈ ڈیزل پر بجلی کی پیداوار والے پاور اسٹیشنز کو استعمال نہیں کیا۔

نیپرا کا مؤقف ہے کہ پاورپلانٹس کو استعمال کیا جاتا تو 350 میگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکتی تھی۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے شہر میں جاری بجلی بحران کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے کراچی کو دورہ کیا تھا۔

گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے ممبران سمیت وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان جاری تنازعہ حل کئے جانے کی خوشخبری عوام کو دی گئی تھی۔

اہلیان کراچی کو یقین دلایا گیا تھا کہ اب شہر کو بجلی کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔

جماعت اسلامی کراچی کی کال پرگزشتہ روز لوڈشیڈنگ کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں