حزب اختلاف کو کنٹینرز کی ضرورت پڑی تو ہم دیں گے، سینیٹر فیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو خیر مقدم کرتے ہیں انہیں کنٹینرز کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی دیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے بدر رشید سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور حکومت بارہا کہہ چکی ہے کہ بدر رشید کا ان سے تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے حامی نہیں ہیں اور اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا اور ہم پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جمہوریت میں سڑکوں پر آنے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اگر انہیں کنٹینرز کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی ہم دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت پر مختلف قسم کے الزامات لگائیں گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ سیاسی مداخلت سے جے آئی ٹیز تبدیل ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غداری کے سرٹیفکٹ نہیں بانٹ رہے، حکومت مقدمہ درج کرنے والے کا پتہ لگائیگی: شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں پی ٹی آئی والے داخل ہوئے تو ان سے مزاحمت نہیں کی گئی تھی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کے 20 سال سے فوج کے ساتھ تعلقات ہیں تاہم ہمارے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات سے متعلق قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا۔


متعلقہ خبریں