اسلام آباد کے نجی اسکول میں کورونا کے دو کیسز رپورٹ


اسلام آباد: اسلام آباد کے نجی اسکول میں کورونا کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں: کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے نجی اسکول کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن تھری کے نجی سکول میں کورونا کے دو مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مراسلہ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جس پر رینڈم ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران نجی اسکول میں دو کیسز سامنے آگئے۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق جب کہ 298 متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: کورونا کیسز میں اضافہ، مزیر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار891 ہوگئی ہے جب کہ عالمی وبا سے 2 ہزار 531 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا سے متاثرہ زیر علاج مریضوں میں سے 182 کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 25 مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید15 اموات

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 170 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں کورونا کیسز کی تعداد 95 ہزار108 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دوسرے ممالک کی نسبت اللہ کے کرم سے پاکستان میں کورونا کم پھیلا لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے ۔ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں