‘یکجہتی کراچی ریلی سندھ کے خلاف سازش کرنے والوں کے لیے  نوشتہ دیوار ثابت ہوگی’


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے  کل کراچی میں  ہونے والے جلسے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں اور کارکنوں سے شرکت کی اپیل بھی کر دی۔

وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ ’’یکجہتی کراچی ریلی‘‘ سندھ کے خلاف سازش کرنے والوں کے لیے  نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔ سندھ میں رہنے والے تمام لوگ سندھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلی کا مقصد لسانی سیاست کو ناکام بنانا ہے۔ ریلی کے شرکا ایس او پیز کا لازمی خیال رکھیں۔ ماسک پہن کر آئیں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے چار اکتوبر کو حیدرآباد  میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لینے کا مطالبہ

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما عامر خان  نے گزشتہ روز کراچی میں کہا تھا کہ حیدرآباد مارچ کے ذریعے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کا جو حال ہے وہ دکھانا ہے۔

عامر خان نے الزام عائد کیا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے سندھ کے شہری علاقوں میں اپنے لوگوں کو نوکریاں دی گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے اندر تعلیمی نظام کو تباہ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیو ایم والے صوبہ تو کیا ایک گلی الگ نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے بیانات سے پاکستان پیپلزپارٹی فائدہ اٹھاتی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ حکومت سوچ رہی ہے کہ حکومت کس طرح بچائے؟ جب کہ اپوزیشن کی سوچ ہے کہ حکومت کس طرح گرائیں؟

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا تھا کہ عوام کے لیے کوئی بھی نہیں سوچ رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کو اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ کراچی میں ایک پارٹی کا گورنر 14 سال رہا مگر شہر کو کچھ نہیں ملا اور شہر قائد میں میئر نے اپنی مدت مکمل کی لیکن کچرا نہیں اٹھا۔


متعلقہ خبریں