ہنزہ: پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع وادی ہنزہ کی حسین وادیاں قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ قیمتی پتھروں میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتی ہیں۔
وادی ہنزہ کا دیومالائی حسن ملکی وغیر ملکی سیاحوں کے لئے اپنے اندر ’مقناطیسی‘ کشش رکھتا ہے تو قیمتی پتھروں کے سوداگر بھی کھنچے چلے آتے ہیں۔
فطری نظاروں سے مالامال وادی ہنزہ کے قیمتی پتھروں میں روبی، لعل اور پرگسائٹ شامل ہیں۔
وادی ہنزہ میں پتھروں کا کاروبار باقاعدہ ’گھریلو صنعت‘ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
ان پتھروں کو تراش خراش کر جیولری اورسجاوٹی اشیا میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ہم نیوز کے نمائندہ وجاہت علی کے مطابق پتھروں کی ڈھلائی اور کٹائی میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔
وادی ہنزہ میں براہ راست سینکڑوں خاندانوں کا روزگاراسٹون جیولری سے وابستہ ہے۔
وادی ہنزہ کی خواتین اور مرد حضرات کا کہنا ہے کہ ان کے لیے یہ بات باعث مسرت ہے کہ وہ اپنے علاقے کی پہچان بننے والےاسٹون جیولری کےکام سے منسلک ہیں۔
وادی ہنزہ میں پایا جانے والا قیمتی پتھر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔