عسکری قیادت کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات، فوج کو سیاسی عمل سے دور رکھنے پر زور



راولپنڈی: عسکری قیادت نے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات میں فوج کو سیاسی عمل سے دور رکھنے پر زور دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ملاقات میں عسکری قیادت نے کہا ہے کہ فوج کا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ  ملاقات میں پندرہ پارلیمانی لیڈر موجود تھے۔

آرمی چیف نے واضح کہا کہ سیاست میں مداخلت کا کوئی شوق نہیں۔ جو بھی منتخب حکومت ہوگی اس کا ساتھ دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں منصفانہ الیکشن سے متعلق بات چیت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں گفتگو ہوئی کہ نیب اور الیکشن کمیشن کے سربراہان آپ اپوائنٹ کرتے ہیں۔  شیخ رشید کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی رہنماؤں نے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا امن اور علاقائی رابطوں کیلئے وژن واضح ہے، آرمی چیف

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے جسمیں ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کے دوران وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگرحکام بھی شریک تھے۔

ملاقات میں وزیراعظم کولائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بریفنگ دی گئی۔


متعلقہ خبریں