پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، اسلحہ برآمد، ملزم گرفتار


پشاور: پولیس نے پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاڑی سے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق ناکہ بندی پر گاڑی سے 278 پستول، 40 بندوقیں، پانچ ہزار کارتوس برآمد کر لیے گئے۔

ڈی ایس پی چمکنی لقمان خان کے مطابق ناکہ بندی کے دوران ابرار نامی اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ مبینہ اسمگلر کا تعلق ضلع ملاکنڈ سے ہے۔

ڈی ایس پی چمکنی کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ چمکنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی کے دفعات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ‎کوئٹہ: کسٹمز اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی، اسمگلنگ کی کوشش ناکام

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ قومی اسمبلی نے اسمگلنگ روک تھام آرڈیننس کو توسیع دینے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے اسمگلنگ روک تھام آرڈیننس کو توسیع دینےکی تحریک پیش کردی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے تحریک کی مخالفت کی تھی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ ایوان سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر کام کرتاہے۔ جب ہم اپوزیشن میں تھے توقومی مسائل پر حکومت کا ساتھ دیا۔ ایوان میں مضبوط اپوزیشن موجودہے۔


متعلقہ خبریں