ای سی سی اجلاس: معذور افراد کیلئے ڈیوٹی فری گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت


اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں معذور افراد کی اسکیم کے تحت کسٹمز ڈیوٹی فری گاڑیاں درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق گاڑی درآمد کے لیے معذور افراد کی آمدن کی حد ایک سے 2 لاکھ روپے ماہانہ تک کردی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی قیام اور ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کے لیے 21 کروڑ 96 لاکھ 31 ہزار روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کردی گئی۔

ای سی سی نے وزارت ریلوے کی اخراجات کے لیے 6 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ 50 کروڑ روپے ماہانہ کی رقم تنخواہوں، پنشن اور ضروری اخراجات پر خرچ ہوگی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق دینی مدارس کیلئے 9 کروڑ 61 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس منظور کردی گئی۔ سب کیلئے ہنر پروگرام کیلئے بھی 16 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عوام موجودہ حکومت کو گھر بھیجنا چاہتی ہے، شاہد خاقان عباسی

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے ملک میں قانون کی بالادستی ہو اور بدعنوانی کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان پر ساری دنیا کی نظریں ہیں اور ہمیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم نے پھر بھی آگے بڑھنا ہے تاہم پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی بہترین ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے قانون کی بالادستی ہو اور کرپشن کا خاتمہ ہو۔ برآمدات ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور ماضی میں ایکسپورٹ سیکٹر پر کوئی کام نہیں ہوا تاہم ہمارے کوشش ہے کہ برآمدات میں مزید اضافہ ہوا۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ ملک میں سیمنٹ کی کھپت میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹریکٹر 4 فیصد اور موٹر سائیکل میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ڈالرائزیشن کو صحیح جگہ پر لانے کے لیے تنقید برداشت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایف بی آر کے ٹارگٹ بھی بہتر ہوئے ہیں اب یہاں لوگ سرمایہ لگائیں تو حالات بہتر ہوں گے۔ اس وقت اسٹاک ایکسچینج دنیا کی چوتھی اور ایشیا کی پہلی بہتر مارکیٹ ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا تھا کہ احساس پروگرام سے 10 کروڑ افراد کو بلا امتیاز رقم دی گئی اور آئندہ ہفتے احساس پروگرام کی ایک اور قسط جاری کر دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں