کراچی: شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق شہر کےعلاقوں میٹروول، سائٹ ،حبیب بینک چورنگی، غنی چورنگی اور پاک کالونی میں تیز بارش ہوئی جب کہ نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاون میں بھی بادل برسے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے جنوب مشرق میں پانچ ہزارفٹ دورشمال مشرقی حصوں میں ہوا کا کم دباو موجود ہے جس سے شمال مشرقی حصوں میں نمی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارشیں برسانے والا سسٹم تاحال موجود ہے لیکن کراچی میں بارشیں برسنے کے امکانات انتہائی کم ہیں تاہم کچھ مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
کراچی میں سمندر ہوائیں بند ہونے سے حبس کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
مون سون ہواؤں کے سبب بارشوں کا کمزور سلسلہ 15 ستمبر تک سندھ کو متاثر کر سکتا ہے جس کے بعد 19 سے 21 ستمبر تک سندھ میں مون سون کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ اور مکران میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔
سندھ کے ضلع سکھر، شہید بینظیر آباد، اسلام کوٹ، مٹھی، نگر پارکر، تھر پارکر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے علاقے مالاکنڈ، سوات، شانگلہ اور دیر سمیت دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مکران کی ساحلی پٹی پر مطلع جزوی ابر آلود ہے اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
گزشتہ روز ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم سندھ کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ عمرکوٹ میں موسلادھار بارش سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جہاں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بارش کے سبب سیلاب سے متاثرین کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا۔