کراچی کا پیسہ کراچی پر ہی خرچ ہونا چاہیے، وفاقی وزیر امین الحق


کراچی: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ کراچی کا پیسہ کراچی پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کے حوالے سے ایم کیو ایم کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بحیثیت اتحادی وزیراعظم کو انتخابات کے بعد کیے گئے وعدے یاد دلائے۔ کراچی میں اربوں کی سرمایہ کاری کھربوں میں بدل کر واپس پاکستان کو ملے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مسائل کا حل باہمی اشتراک سے ممکن ہے، وزیر اعظم عمران خان

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے آج ملاقات کی ۔ ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی نے کی۔ وفد میں وفاقی وزیر امین الحق اور سینئر رہنما فیصل سبزواری بھی شامل تھے۔

اس سے قبل تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

کراچی میں  تاجر اور کاروباری طبقے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کارروباری طبقہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتاہے۔ حکومت کافرض ہے کہ ان کو تمام سہولیات فراہم کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیےمربوط پالیسی اختیارکی گئی۔ تعمیرات اور اس سے منسلک شعبوں کےفروغ سے روزگاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت کا مقصد کاروبار اور سرمایہ کاری کے نظام میں آٹومیشن لانا ہے۔

کراچی تاجر وفد نے وزیراعظم  عمران خان کو کورونا کے حوالے سے کامیاب حکمت عملی پر مبارک باد دی اور کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔


متعلقہ خبریں