اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے خود پر تنقید کرنے والوں کو شاعرانہ انداز میں جواب دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اتنا چبھنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں، جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں۔
اتنا چھبنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں
جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) September 2, 2020
سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے، انہیں ٹی ٹوینٹی سیریز کے آخری میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا۔
سرفراز احمد نے میچ میں ایک اسٹمپ آؤٹ کا موقع ضائع کیا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے سرفراز کو تنقید کا نشانہ بنانے میں کوئی موقع ضائع نہ کیا۔
اس سے قبل سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر جمائیاں لینے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا ٹائم لائنز کی زینت بنیں۔
خیال رہے کہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح سابق کپتان سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلیے کرکٹ کمیٹی کا اجلاس طلب
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں ٹیسٹ میچ کے دوران سرفراز احمد شان مسعود کیلئے میدان میں پانی اور جوتے لے کر آئے تھے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ سرفراز کو عزت ملنی چاہیے تھی کیونکہ وہ چیمپیئن کپتان ہیں اور چیمپیئنز کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔
ایک صارف نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تصویر یہ لکھ کر شیئر کی تھی کہ کوہلی بھی ایسا کر چکے ہیں پی سی بی پر کسی ٹھوس مسئلہ پر تنقید ہونی چاہیے۔
ایک صارف نے جواب میں لکھا تھا کوہلی کو کپتانی سے ہٹا کر پانی دینے پر نہیں لگایا گیا تھا، بلکہ ان کو آرام کرنے کے لیے اور جونیئر کو موقع دینے کے لیے باہر کیا گیا تھا۔
کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں بہت سے عظیم کھلاڑیوں نے بارہویں کھلاڑی کا کردار ادا کیا ہے۔