راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 5 روز بعد بھی مسائل حل نہ ہوئے

راولپنڈی: واٹر اینڈ سیورج اتھارٹی (واسا) کے مینجنگ ڈائریکٹر شوکت محمود کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مسلم ٹاؤن صادق آباد، آریہ محلہ ندیم کالونی اور کمیٹی چوک انڈر پاس پر ہیوی  مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مسائل جوں کے توں، بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان

ایم ڈی واسا نے مزید بتایا کہ یورولوجی اسپتال مری روڈ اور فیض آباد انٹرچینج پر بھی ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی نگرانی اور سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان واسا کا اس بارے میں کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک جڑواں شہروں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

راولپنڈی کی نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 7 فٹ بلند ہو گئی ہے جب کہ گوالمنڈی کے مقام پرپانی کی سطح ساڑھے 5 فٹ بلند ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی20 فٹ تک گنجائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں آج شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

دوسری جانب ملک بھر اور شہر اقتدار میں موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا تھا جس کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے۔

راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ سے تجاوز کر گئی تھی جس کے باعث اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپل ویز 11 بجے 1.5 فٹ تک کھولے جائیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ آج راول ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نشیبی علاقوں اور ڈیم کے قریب آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی کیونکہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے سواں کے کناروں سے پانی باہر آ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے۔


متعلقہ خبریں