ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، شاہد خاقان عباسی


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بے پناہ مسائل ہیں اور یہ مسائل وفاقی اور صوبائی حکومت کے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل مل کر حل کرنے ہوں گے اور ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ جب بارش زیادہ ہو گی تو پانی بھی اکٹھا ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی میں ڈیفنس کا علاقہ زیادہ متاثر ہوا ہے اور شہر قائد میں پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام ہونا چاہیے۔ ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم

کراچی کے مسائل پر مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مریم نواز خاموش تھیں تو لوگوں کو اعتراض تھا اور جب بول رہی ہیں تو بھی اعتراض ہے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو شاید ہمیں حکومت سے باہر آنا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کی وجہ سے ہم سب پریشان ہیں۔ لوگوں کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے اوپر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کراچی تباہ ہوا تو اس کا اثر پورے پاکستان پر پڑے گا۔


متعلقہ خبریں