کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان شروع ہونے والا منصوبہ سی پیک وقتی نہیں نسلوں کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےکراچی میں سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سینٹرل ایشیا کا اہم منصوبہ ہے اس سے گیس، بجلی اورزمینی راستوں کے لیے راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے فوائد پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کوحاصل ہوں گے اور یہ پروجیکٹ پورے خطے کو دنیا سےمنسلک کرےگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج سی پیک ہمیں ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان میں ریلوے کا نظام مضبوط ہوگا اورعلاقے میں ترقی وخوشحالی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سال پہلے سی پیک کا لفظ مقبول نہیں تھا ،آج ہر کسی کی زبان پرہے اس منصوبے نے دنیا بھر میں پہچان بنا لی ہے اور اب سی پیک ایک حقیقت بنتا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان صدر سے سی پیک پربات کی یہ منصوبہ نہ صرف افغانستان بلکہ مغربی چین سمیت پورے خطے کو دنیا سے منسلک کرے گا۔
احسن اقبال کا سیمینار سے خطاب
وزیرداخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کے لیے مثبت تبدیلی ہے، اس کے علاوہ بھی بہت سارے منصوبوں پر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں چین کرشماتی ترقی پرہے اور پاکستان میں سرمایا کاری کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے، چین نے پاکستان کی معاونت کی اور اب ہم نےچین کے ساتھ تجارت میں آگے بڑھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان پر ہرمشکل دور میں اعتماد کیااورثابت کیا بیجنگ پاکستان کی ہر مشکل میں کام آتا ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے سی پیک کا ایک اچھا سفر شروع کیااور وژن2025 کے تحت 7 بڑے منصوبوں پر توجہ دی۔
چینی سفیرکا سیمینار سے خطاب
چینی سفیرچن باوَنگ نےسیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین نے تجارت اور ترقی کی بنیاد رکھی، پاک چین اقتصادی راہداری ایک تاریخی منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صرف پاکستان نہیں ساری دنیا کے لیے اہم ہے اور چین اس منصوبے میں تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان خطے کی بہتری کے لیے گامزن ہیں اور دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے میں خوشحالی کے لیے مزید کام کریں۔
چینی سفیر نے بتایا کہ سی پیک کے 43 منصوبے پائپ لائن منصوبے ہیں۔