5اگست:کشمیریوں پر ظلم کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ

یوم استحصال کشمیر: حق سلبی اور ظلم کی نئی لہر کا ایک سال مکمل

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: غیر قانونی طور پر بھارتی زیر قبضہ کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے اور وہاں لاک ڈاؤن، کرفیو، تعلیمی اداروں اور مواصلات کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

کشمیریوں کی آئینی خود مختاری کی پامالی اور مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج کے لاک ڈاؤن کو ایک سال ہو گیا ہے۔

پاکستان نے 5 اگست  2019 کو مودی کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کےخلاف بھرپورآواز اٹھائی۔ بھارت کے ناپاک عزائم کودنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور کامیاب سفارتکاری کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑا۔

یہ بھی پڑھیں:یوم استحصال کشمیر: ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد

وفاقی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے غیرآئینی اقدامات کے بعد فوری طور پرقومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا اور بھارت سے سفارتی تعلقات کا درجہ کم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد میں غیرملکی سفارتخانوں اوردنیا بھر میں سفارتی سطح پرکشمیریوں کے حق میں بھرپور آوازاٹھائی گئی۔

ستائیس ستمبرکو وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے تاریخی خطاب کے ذریعے اقوام عالم کوجھنجھوڑا۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کو کشمیریوں کےلیے اپنے وعدے اورذمہ داریاں یاد دلائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی سربراہان سے ملاقاتیں کیں، ٹیلیفونک رابطے کیے، بھارتی اقدامات اور پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو3 خطوط لکھے اورمسئلہ کشمیرکی جانب توجہ مبذول کرائی۔ پاکستان کی درخواست پربلائے گئےاو آئی سی کے وزرائے خارجہ اور رابطہ گروپ کے الگ الگ اجلاسوں میں بھارتی اقدامات کی مذمت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال کشمیر:میں کشمیریوں کاسفیر بنارہوں گا، وزیر اعظم

گزشتہ ایک سال کے دوران مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا محور رہا۔ کسی بھی لمحے پاکستانی قیادت نے کشمیریوں کے درد کو فراموش نہیں کیا، کیونکہ قائد کا فرمان ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کا کردار

مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی مکاری اور بھارتی فوج کے مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔ بین الاقوامی میڈیا نے بار بار بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا۔

مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے تمام حقوق سلب کرنے کی بھارتی سازش کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی بے نقاب کیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کی عکاسی کرتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم کی درد ناک تصویری رپورٹ شائع کی۔

رپورٹ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیریوں کو لہولہان حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی درندگی کا  انکشاف کرتے ہوئے رپورٹ دی کہ بھارتی فوج حراست میں لیے جانے والے کشمیریوں کو بجلی کے جھٹکے دینے کے ساتھ بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

عالمی تنظیم  جینو سائڈ واچ نے بھی مقبوضہ کشمیر  میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی جماعت بی جے پی کا نظریہ ہندوتوا کی واضح علامت ہے۔

سی این این نے بھی بھارت میں نام نہاد جمہوریت اورسیکولرازم کا پول کھولا، اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی  تجزیاتی رپورٹ میں کہا کہ حکمران جماعت بی جے پی کی جڑیں ہندو شدت پسند جماعت آر ایس ایس میں ہیں۔

برطانوی اخبار دی گارڈین  نے رپورٹ میں لکھا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے جھکنےکو نہیں تیار۔ پیلٹ گنز آنسو گیس گولیاں اور تشدد عوام کا حوصلہ پست کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ دی وائر کی رپورٹ میں بات کرتے ہوئے کشمیری نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم وہ جانور ہیں جن کا جب مرضی پنجرہ کھول دیا جاتا ہے اور جب مرضی واپس بند کر دیا جاتا ہے۔ بی بی سی الجزیرہ بھی مسلسل مقبوضۃ وادی میں بھارتی مظالم کا شکار ہوئے کشمیریوں کی آواز بنتے رہے۔

پاکستان نے مودی سرکارکے غیرانسانی اقدامات کو بے نقاب کرنے کےلیے عالمی سطح پر بھرپور مہم چلائی ۔ دنیا بھرمیں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہوئی۔


متعلقہ خبریں