لاہور میں صفائی، ٹریفک کے ناقص انتظامات: وزیراعلیٰ نے متعدد افسران معطل کردیے


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور شہر میں ضروری سہولیات کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایکشن لیتے ہوئے متعدد افسران معطل کردیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےعید الاضحیٰ سے قبل رات گئے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تھانہ مغلپورہ، تھانہ شادمان اور ریلوےاسٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے تھانہ مغلپورہ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور وہاں موجود لوگوں کی شکایات پرابرہمی کا ظہار کرتے ہوئے ڈی ایس پی مغلپورہ عاطف معراج اورایس ایچ اوتھانہ مغلپورہ طاہر کو معطل کردیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہورذوالفقارحمید اورایس پی سول لائنزصفدررضا کاظمی اور چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کامران خان کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں تاجروں نےلاک ڈاؤن مسترد کردیا، بازار کھل گئے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر مبشر کو معطل کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی سوشل ویلفیئرشاہد نیاز کی کارکردگی پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے طارق علی بسرا کوعہدے سے ہٹاکر اوایس ڈی بنادیاگیا جبکہ میونسپل آفیسر انفراسٹرکچراینڈ سروسز میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور انورساجد کو معطل کردیا گیا۔

عثمان بزدار نے ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیزتارڑ اور ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال  اور چیف ٹریفک آفیسرلاہورحماد رضا کی کارکردگی پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ جو کام کرے گا، وہی عہدے پررہے گا۔ میں نے رات لاہورشہرکا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامات کا خود جائزہ لیا۔


متعلقہ خبریں