عمران خان تین روزہ دورے پر لندن روانہ


اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان تین روزہ دورے پر لندن روانہ ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چودھری اور معاون برائے سیاسی امور عون چودھری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

عمران خان مانچسٹرمیں نمل کالج کی فنڈریزنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کے علاوہ عالمی میڈیا کوانٹرویوز بھی دیں گے۔

تین روز برطانیہ میں قیام کے بعد 24 اپریل کو وطن واپسی پرلاہور پہنچیں گے۔

پروگرام کے مطابق پارٹی چیئرمین لاہور میں منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف 29 اپریل کو منعقد ہونے والے جلسے میں پارٹی منشور کا اعلان کرے گی۔

لاہور انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 29 اپریل کے دن مینار پاکستان پہ جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

پی ٹی آئی کو انتظامیہ نے مشورہ دیا تھا کہ وہ 29 اپریل کو ناصر باغ لاہور میں جلسہ منعقد کرے۔

پاکستان تحریک انصاف نے مشورہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اصرار برقرار رکھا ہےکہ وہ اعلان کے مطابق مینار پاکستان پر ہی جلسہ منعقد کرے گی۔

عمران خان ایسے وقت میں برطانیہ پہنچ رہے ہیں جب نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن پہنچنے کےبعد میڈیا سے کوئی بات نہیں کی اور صرف اپنی بیمار اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے سربراہان کی منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لئے برطانیہ میں موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں