خیبرپختونخوا میں ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری


پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ووٹ بیچنے والے 20 اراکین اسمبلی کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف نے اپنے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پندرہ روز کے اندر اپنا موقف تحریری طور پر جمع کرائیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی سربراہی میں چھ رکنی انضباطی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ جس میں عاطف خان، شہرام ترکئی، شہریار آفریدی، شاہ فرمان اور نعیم الحق شامل ہیں۔

اظہار وجوہ نوٹس کے مطابق تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں پارٹی سے اخراج کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دو روز قبل پی ٹی آئی چئیرمین  نے بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والے 20 اراکین اسمبلی کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ مزید قانونی کارروائی کے لئے ان اراکین کے نام نیب کو بھی بھجوائیں گے۔

جن اراکین کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے ان میں خواتین ارکان نرگس علی، دینا ناز، فوزیہ بی بی، نسیم حیات اورنگینہ حیات شامل ہیں۔

مرد اراکین میں بابر سلیم، سمیع اللہ زیب، یاسین خلیل، امجد آفریدی، قربان خان، زاہد درانی، سردار ادریس، عبید مایار، عبدالحق، جاوید نسیم، معراج ہمایوں، عارف یوسف، فیصل زمان، سمیع علی زئی اور وجیہہ الزمان شامل ہیں۔

عمران خان کے اعلان کے بعد اب تک متعدد ارکان اسمبلی اسے جھوٹا الزام کہہ کر ووٹ بیچنے سے انکار کر چکے ہیں۔ کئی نے یہ جواب دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کا حصہ ہی نہیں ہیں ایسے میں انہیں نوٹس دینا ناقابل فہم ہے۔


متعلقہ خبریں