انٹرنیٹ کی ملک بھر میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انٹرنیٹ کی آسان اور ملک بھرمیں رسائی خصوصاً طالبعلموں تک فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

نالج اکانومی کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کےشعبے میں پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اس صلاحیت کے فروغ کیلئے موافق ماحول فراہم کیاجائے۔ درپیش مسائل کاترجیحی بنیادوں پرحل کیلئےلائحہ عمل تشکیل دیاجائے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سیرت النبیﷺ پرتحقیقی سنٹر کے قیام اوراعلیٰ تعلیم سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیرتعلیم شفقت محمود، ڈاکٹرعطاالرحمان، پروفیسرشعیب خان اور راشدخان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو ہری پور ہزارہ میں پاک آسٹریئن فاخوشولے کے قیام پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سیرت النبیﷺ سنٹر اور یونیورسٹیوں میں بہترکو آرڈی نیشن کیلئے ریسرچ سنٹر کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیم کے فروغ کیلئے انٹرنیٹ کی آسان رسائی سےمتعلق بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: پرائیویٹ اسکولز کا 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیرت النبیﷺ سنٹر کوجلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے تاکہ تحقیقی سرگرمیوں کا آغاز کیا جاسکے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال میں 15 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق کورونا وبا کے دوران انٹرنیٹ کے استعمال میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز میں  آن لائن سرگرمیوں میں اضافہ ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافے کی وجہ گھر سے دفتری امور کی انجام دہی کی پالیسی بھی ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت مطمئن حد تک موجود ہے اور اس کے استعمال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں صارفین کو تیز رفتار اور مؤثر  ٹیلی کام خدمات کی دستیابی کے لیے کوشاں ہیں۔


متعلقہ خبریں