کرکٹر خوشدل شاہ تین ہفتے کیلئے کھیل سے باہر



قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خوشدل شاہ چوٹ لگنے کے باعث تین ہفتوں کیلئے کھیل سے باہر ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پریکٹس کے دوران گیند لگنے سے خوشدل شاہ کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر چھوٹ آئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ خوشدل شاہ ڈربی میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں شرکت نہیں کریں گے اور وہ  دوسرے 4روزہ پریکٹس میچ کی سلیکشن کیلئے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا امید ہےخوشدل شاہ آئندہ ہفتے کے آخر میں فزیکل ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔

پی سی بی کے مطابق انجری کے باعث وہ 24 جولائی سے شروع ہونے  والے دوسرے چار روزہ پریکٹس میچ کی سلیکشن کے  لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ  خوشدل شاہ کے ناخن پر چوٹ نہیں آئی۔ آرتھوپیڈک سرجن، ٹیم فیزیشن اور ٹیم فزیو تھراپسٹ پرامید ہیں کہ خوشدل شاہ آئندہ ہفتے کے  آخر میں فزیکل ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔

خیال رہے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا 20 رکنی اسکواڈ مانچسٹر میں ہے۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 14 دن ووسٹر شائر میں قرنطینہ میں گزارے گی جبکہ قومی ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر میں پریکٹس کیلئے جائے گی۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان اظہرعلی،نائب کپتان بابراعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فوادعالم، افتخاراحمد،عماد وسیم ، امام الحق، سرفرازاحمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود،  یاسر شاہ ، خوشدل شاہ،محمد عباس،موسیٰ خان، نسیم شاہ اور روحیل نذیر شامل ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور دو ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ پانچ اگست، دوسرا13 اور تیسرا21 اگست کو کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ کے دوران مہمان ٹیم کیساتھ اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی30 اگست اور دوسرا یکم ستمبر کو کھیلے گی۔


متعلقہ خبریں