’ مسلم لیگ ن والے آج دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں‘


لاہور: وزیراطلاعات پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت منظور پاپڑ فروش جیسے کرداروں سے خیرات نہیں لے رہی، نارووال کے ارسطو کو دکھ ہے کہ انہیں تنقید کا موقع نہیں مل رہا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے آج دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 5.39 سے کم ہو کر 0.74 فیصد تک آ گئی ہے، آج پاکستان وینٹی لیٹرزاور پی پی ایز بنانے میں خود کفیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 14 ہزار ڈاکٹرز اور 18 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھرتی کیا جبکہ پنجاب میں 9 بڑے اسپتالوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا تھا کہ پنجاب کی تباہی دیکھ کر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے کس بات کابدلہ لیاجارہا ہے؟۔ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈلاگیا۔ پی ٹی آئی حکومت کو ڈزاسٹر گورننس کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں شعبہ صحت پر توجہ دینی ہوگی۔ کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے نے بہترین خدمات سرانجام دیں۔ کورونا پھیلنے کا خدشہ ابھی بھی موجود ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی تباہی سے آج صحت کا نظام بدترین بحران کا سامنا کررہاہے۔ ڈاکٹروں کےبنیادی مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ آج ڈاکٹرزسے جو معلومات ملیں اس نے تشویش میں مبتلا کردیا۔

مزید پڑھیں: رانا ثنااللہ کا وزیراعظم، وزیرہوا بازی سے استعفیٰ کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ امریکا، روس، یورپ سمیت تمام ممالک کورونا کے سامنے بے بس نظرآئے۔ پنجاب میں جوقانون بنایاگیا اس سے محکمہ صحت کی نجکاری کی جارہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرزایسو سی ایشن نےجن تحفظات سےآگاہ کیا وہ حق بجانب ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ 6ہزارپوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرزکو حکومت تسلیم نہیں کررہی ہے۔ 6 ہزارڈاکٹرز نے پروفیسرز کی نگرانی میں تربیت لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں بد انتظامی کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناہے۔ شعبہ صحت سے لےکرباقی شعبوں کو تباہ کردیاگیا۔


متعلقہ خبریں