رانا ثنااللہ کا وزیراعظم، وزیرہوا بازی سے استعفیٰ کا مطالبہ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز پنجاب کے صدر راناثنااللہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ہے۔

ن لیگ پنجاب کے سینئر عہدہداروں کی میٹنگ کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران لیگی رہنما راناثنااللہ نے کہا کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کو دفن اور سول ایوی ایشن کا بھٹا دیا گیا ہے۔ ملک پر ایک ٹولے کو مسلط کردیا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم اور وزیر ہوابازی مستعفی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کیے گئے۔ نفرت اور انتقام سے ملک پر حکومت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت پائلٹس کے لائسنس کا ملبہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر ڈالنا چاہتی ہے۔ چینی بحران کا ذمہ دار مافیا حکومت کے ساتھ بیٹھا ہے۔ ماضی میں کیے گئے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔ مزید دیر ہوئی تو دلدل سے نکلنا مشکل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: پاپڑ فروش سے شہباز شریف فیملی کو کروڑوں روپے منتقل ہونے کا انکشاف

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے بھی وزیراعظم عمران خان  کو قومی ایئرلائن کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم مستعفی ہوں۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کے خط کے بعد وزیراعظم اور وزیر ہوابازی کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے کہا تھا کہ ملک کے اربوں روپے کے نقصان کا ذمہ دار وزیراعظم ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر کی حماقت سے پی آئی اے کو نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی، اس کی بھی تو کسی کو سزا ملنی چاہیے؟ یہ حکومت، وزیراعظم اور وزیر ہوابازی جعلی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے فضائی آپریشن پر پابندی عائد کردی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق امریکی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اےکو بذریعہ ای میل پابندی سےآگاہ کردیا تھا۔ پی آئی اے کو حاصل خصوصی پروازوں کا اجازت نامہ بھی  منسوخ کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں