اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی جانب سے بلیو ایریا نیو وژن کے پلاٹوں کے پہلے روز سرمایہ کاروں نے بھر پور شرکت کی۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق اب تک کے نیلام عام کےعمل میں چارپلاٹ فروخت کیے جاچکے ہیں، جن کی مالیت 7 ارب 23 کروڑ ہے۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کا عمل 16 جولائی اور17 جولائی 2020 کو بھی جا ری رہے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں اونچی عمارتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سی ڈی اے نے عمارتوں کی تعمیر سے متعلق سول ایوی ایشن کے قوانین اپنالیے تھے۔
مزید پڑھیں: اراضی قبضہ کیس: علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی اور سی ڈی اے سے جواب طلب
وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں موجود اونچی عمارتوں کو کام کرنے کیلئے اجازت مل گئی تھی اور نئی اونچی عمارتیں اسلام آباد میں بنانے کی بھی منظوری دی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سی ڈی اے پلاننگ ونگ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
سول ایوی ایشن کے قانون کے مطابق نقشہ پر وضاحت بھی دیدی گئی تھی اور اونچی عمارتوں کی تعمیر کیلئے تین حصوں اور رنگوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
نقشہ کی دستاویز کے مطابق ائیرپورٹ کے اطراف میں اونچی عمارتوں سے متعلق بھی وضاحت دیدی گئی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان نے دورہ سندھ کے دوران ایک خطاب میں کہا تھا کہ اب پاکستان میں ہم نے شہروں کو پھیلنے نہیں دینا ہے بلکہ شہروں کو اوپر لے کر جانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ کمرشل ایریاز میں اجازت دیں گے جتنا مرضی عمارتوں کو اوپر لے کر جائیں۔