لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں پشاور کو بطور پانچواں وینیو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 58 واں اجلاس آج چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت منعقد ہوا ہے جس میں میں پی ایس ایل سیزن 5 اور 6 پر گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں پی سی بی حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز کے رواں سال انعقاد کیلئےمنصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 6 فروری تا مارچ 2021 میں منعقد ہو گا۔
2019-20 میں منعقدہ کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی پر سمجھوتہ کیے بغیر رواں سال کے بجٹ کا 71.2 فیصد حصہ صرف کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
یہ اس امر کو یقینی بنائے گا کہ کورونا وائرس کی وبا ء کے سبب مالی مشکلات کے باوجودکرکٹ متاثر نہ ہواور اس ضمن میں پی سی بی مستقبل میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بجٹ کی تیاری میں لاگت/اخراجات اور رقم کی اہمیت سے متعلق کڑی پالیسی پر عمل کیا ہے۔