پشاور آپریشن میں ہلاک 4 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی


پشاور: پشاور کے نواحی علاقے متنی میں گزشتہ رات ہونے والے آپریشن میں ہلاک 4 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک مبینہ دہشت گردوں میں عرفان اللہ، ثاقب اللہ، ذاکر اور اسد اللہ شامل ہیں۔دہشت گردوں کا تعلق پشاور اور ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان سی ٹی ڈی اور پولیس کو دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے 9 مقدمات میں مطلوب تھے۔چاروں مبینہ دہشت گرد گزشتہ رات متنی میں سی ٹی ڈی ٹیم کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 25 فروری کو پشاور کے علاقے شگئی میں ایک مقابلے میں پانچ مسلح دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔  دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹس، پستول، ہینڈ گرینیڈ، شارٹ مشین گن، واکی ٹاکی، چاقو اور گولیاں بھی برآمد کی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت گھوٹکی اور لاڑکانہ میں دستی اور کریکر بم حملوں کے نتیجے میں دو رینجرز اہلکاروں سمیت دو افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں دستی بم حملہ احساس پروگرام کے دفتر کے قریب ہوا تھا اور دفتر میں احساس پروگرام کے تحت لوگوں میں رقم تقسیم کی جا رہی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق 6 زخمی

احساس پروگرام کا دفتر ریاض کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی تھی۔

دستی بم حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے پل پر سے دستی بم پھینکا تھا جو ریاض کالج کی دیوار کے قریب گر کر پھٹ گیا تھا۔ دستی بم پھٹنے سے دو رینجرز اہلکار اور ایک شہری شہید ہوا جبکہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق بم حملے میں رینجرز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکے سے ایک شہری اور 2 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے قریب کھڑی تھی جو دھماکے سے شدید متاثر ہوئی۔

اسی روز سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں بھی رینجرز کی گاڑی کے قریب کریکر پھینکا گیا تھا تاہم کریکر حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔

پولیس نے کہا تھا موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں