‘کہکشاں میں تقریباً 36 خلائی تہذیبیں موجود ہوسکتی ہیں’


ایک نئی تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کہکشاں میں تقریباً 36 خلائی تہذیبیں موجود ہوسکتی ہیں۔

اگرچہ خلائی مخلوق کی موجودگی کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا لیکن یونیورسٹی آف ناٹنگھم کے ماہرین نے بتایا ہے کہ انسانوں کو 36 تہذیبوں کی تلاش کی کوشش کرنی چاہیے۔

ماہرین کے اندازے کی بنیاد اس قیاس پر مبنی ہے کہ خلا میں زندگی کی ارتقا ویسے ہی ہوئی ہوگی جیسے زمین پر ہوئی۔ ایسٹرو فزیکل جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہوسکتا ہے۔۔۔ایلین۔۔ تہذیبیں ہمیں ریڈیو سنگلزبھی بھیج رہی ہوں ۔

مزید پڑھیں: آسمان پر رونما ہونے والی عجیب روشنیوں نے سائنسدانوں کو حیرت میں ڈال دیا

خیال رہے کہ ہم نیوز کے مطابق جولائی 2019 میں اپنی نوعیت کی منفرد اور طویل تحقیق میں ماہرین فلکیات کو 1327 قریب ترین ستاروں میں کسی قسم کی ذہین اور ٹیکنالوجی پر دسترس رکھنے والی خلائی مخلوق کے آثار نہیں مل سکے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق تحقیق میں شامل یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے آسٹرو فزکس کے پروفیسر ڈینی پرائس کا کہنا تھا کہ ابھی تک قریب ترین ستاروں میں ایسی کسی مخلوق کا پتا نہیں چل سکا جو طاقتور ٹرانسمیٹرز کے ذریعے انسانوں کے ساتھ رابطے کی کوشش کر رہی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمیں تلاش میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس بات کا امکان موجود ہے کہ ہم غلط فریکوئینسی پر کوشش کرتے رہے ہوں یا خلاقی مخلوق کے بھیجے گئے سگنلز زمین پر موجود ریڈیو لہروں کے باعث ہم تک نہ پہنچ پائے ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق اس تحقیق میں دنیا کی دو طاقتور ترین دوربینوں کو استعمال کیا گیا تھا جن میں ایک ویسٹ ورجینیا امریکہ جبکہ دوسری نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلیا میں موجود تھا۔

تحقیق کے نتیجے میں جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریسرچرز نے 10 لاکھ گیگا بائیٹ ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور اس کے ذریعے زمین سے 160 نوری سال کے فاصلے پر موجود ایک ہزار سے زائد ستاروں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پراجیکٹ 2015 میں شروع ہوا تھا اور اس نے دس سال تک جاری رہنا ہے


متعلقہ خبریں