کراچی: عدالت نے صحافی ولی خان بابر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کامران عرف شانی کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
صحافی ولی خان بابر قتل کیس کے مرکزی ملزم کامران عرف شانی کو آج کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش گیا۔ عدالت نے ملزم کامران عرف شانی کو 30 جون تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کامران عرف شانی ولی خان بابر کے قتل کیس میں سزا یافتہ ہے جبکہ ملزم کا ریمانڈ دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بر آمدگی کیس میں ہوا ہے۔
گزشتہ روز کراچی پولیس نے مقتول صحافی ولی خان بابر پہ گولیاں چلانے والے مجرم کو گرفتار کیا تھا۔ مقتول صحافی نجی ٹی وی چینل سے وابستہ تھے۔ ولی خان بابر کو 13 جنوری 2011 کو لیاقت آباد میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق ولی بابر قتل کیس میں آٹھ ملزمان نامزد تھے، ایک ملزم لیاقت علی سانحے کے ایک سال بعد مارا گیا تھا جب کہ فیصل موٹا اور ذیشان عرف شانی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کی سزا سنائی تھی۔
کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن کے مطابق صحافی ولی بابر قتل کیس کے چار ملزمان 2015 میں پکڑے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارے کی انٹیلی جنس نے ذیشان عرف شانی کو گرفتار کیا۔
رواں سال کراچی پولیس کی غیر ذمہ دارانہ فائرنگ سےکتنا جانی نقصان ہوا؟
ابتدائی تفتیش میں گرفتار ہونے والے مجرم ذیشان عرف شانی نے چار قتل کا اعتراف کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مارچ 2014 میں مفرور ملزمان کامران عرف ذیشان اور فیصل موٹا کو سزائے موت جب کہ دیگر چار گرفتار ملزمان فیصل محمود عرف نفسیاتی، نوید عرف پولکا، محمد علی رضوی اور شاہ رخ عرف مانی کو عمر قید کی سزائیں سنائی تھیں۔