میرپور آزاد کشمیر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث دفعہ 144عائد


میرپور:  آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث دفعہ 144 عائد کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق میرپور میں دفعہ 144 کےتحت پبلک مقامات پر 4 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ جلسے جلوس، ریلیوں اور اجتماعات پر بھی دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے  574 اور گلگت بلتستان میں 1,044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ آزاد کشمیر میں وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 11 ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 88 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 551 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 50 ہزار چھپن مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 50 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163 اور گلگت بلتستان میں 1,044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 938 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 39 ہزار انیس ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔


متعلقہ خبریں