کورونا وائرس کے علاج کیلیے ایکٹیمرا انجیکشن کا ٹرائل شروع



لاہور: صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ایکٹیمرا انجیکشن کا ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ابتدائی طور پر اسپتالوں کو ایک سو پندرہ مریضوں پر ایکٹیمرا انجیکشن کے ٹرائل کی منظوری دے دی گئی ہے جب کہ ٹرائل کے لیے اسپتالوں کو انجیکشن کی کھیپ بھی بھجوا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص

ذرائع ہم نیوز کے مطابق پہلے مرحلہ میں اسپتالوں کو چار سو ساٹھ انجیکشنز بھجوائے گئے جب کہ ٹرائل کے لیے چنے گئے نو اسپتالوں میں سے چھ اسپتال لاہور میں ہیں۔

لاہور کے میو اسپتال، جنرل اسپتال، سروسز اسپتال اور پی کے ایل آئی میں زیر علاج مریضوں پر ٹرائل کیا جائے گا جب کہ جناح اسپتال اور گنگا رام اسپتال میں بھی مریضوں پر بطور ٹرائل ڈرگ ایکٹیمرا استعمال کیا جائے گا۔

مستند ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور نشتر اسپتال ملتان کو بھی انجیکشن بھجوائے گئے ہیں۔

میو اسپتال میں زیر علاج پندرہ مریضوں کے لیے پچاس انجیکشن بھجوائے گئے، جنرل اسپتال میں زیر علاج بارہ مریضوں کے لیے اڑتالیس انجیکشن بھجوائے گئے، پی کے ایل آئی میں بھی بارہ مریضوں کے لیے اڑتالیس انجیکشن بھجوائے گئے ہیں۔

لاہور کے سروسز اسپتال میں دس مریضوں کے لیے چالیس اور جناح میں سات مریضوں کے لیے اٹھائیس انجیکشن بھجوائے گئے اور سر گنگا رام اسپتال میں پانچ مریضوں کے لیے بیس انجیکشن بھجوائے گئے۔

راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے اسپتالوں میں زیر اعلاج اٹھارہ اٹھارہ مریضوں کے لیے بہتر بہتر انجیکشن ارسال کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر گئی، 2551 افراد جاں بحق 

اس حوالے سے سی ای او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا کہ یہ اس بڑے ٹرائل کا ابتدائی مرحلہ ہے، ان انجیکشنز کے نتائج نوٹ کرنے کے بعد مزید انجیکشنز بھی منگوائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی انجیکشن چاہیے ہوں گے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک ہزار مریضوں پر ایکٹیمرا کے ٹرائل کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں