لاہور میں کورونا کے 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ


لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کیسز کی تعداد 19 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کوروناکیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا سے متاثرہ افراد صحتیاب بھی ہورہے ہیں۔

وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ احتیاط ہی کورونا سے نجات کا واحد حل ہے ۔ پہلے سے بیمار افرادپر کورونا جلد حملہ آور ہوتا ہے۔ بہت سارے ڈاکٹرز بھی کورونا سے متاثرہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہورہے ہیں۔ ایکٹمرا انجکشن لائف سیونگ نہیں ہے۔ ایکٹمرا انجکشن کا کچھ مریضوں پر اچھا اثرہوگا، کچھ پرنہیں ہو گا۔ ایکٹمرا انجکشن کے فوائد نظر آئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 105 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 172 ہو گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 317 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 35 ہزار اٹھارہ مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 40 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 39 ہزار 555، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار چھ، بلوچستان میں 6 ہزار 788، اسلام آباد میں 5 ہزار 785، آزادکشمیر میں 412 اور گلگت بلتستان میں 952 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 773 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 679، خیبر پختونخوا میں 587، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 58 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ تیس ہزار 453 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں