جو ادارہ حد سے باہر جائے گا نقصان اٹھائے گا، ایاز صادق


لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ لوگوں کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا لیکن نواز شریف ایک نظریے کا نام ہے، اسے عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔

الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ نئی حد بندیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ این اے 122 لاہور کو چھ حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے دوسری جماعتوں میں جانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس کا دل پی ٹی آئی میں شمولیت کا ہے وہ وہاں جاسکتا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب میں کلین سوئپ نہیں کر پائے گی۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک مرتبہ پھرازخود نوٹس ہونے والے ہیں۔ وہ فیصلے جن سے اتفاق نہیں ان پراعتراض اور تنقید بھی کروں گا کیوں کہ ادارے پر کوئی تنقید نہیں کرتا نہ کرے گا لیکن فیصلے پر تنقید کا حق ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ غلط فیصلے کرنے والوں کا انجام تاریخ میں لکھا جاچکا ہے۔ جو ادارہ حد سے باہر جائے گا وہ اپنا ہی نقصان کرے گا۔ اگر ہر ادارہ دائرہ کار میں رہے تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔

سابق صدر پرویز مشرف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے مشرف کےخلاف سوموٹو ایکشن ہو جائے گا۔

عمران خان کے متعلق ایاز صادق کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی غلط فہمی ہے کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ نہیں دیں گے، جس دن کے پی کا بجٹ آئے گا اس دن ان سے پوچھوں گا۔


متعلقہ خبریں