پاکستان کا جدید ترین کروز میزائل بابر کا کامیاب تجربہ


اسلام آباد: پاکستان نے اپنے تیار کردہ جدید ترین کروز میزائل بابر  کے نئے ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلشنز پاکستان (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بابر کروز میزائل 700 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بناسکتا ہے۔ جب کہ میزائل زمین اور سمندر میں باآسانی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جدید نظام سے لیس کروز میزائل بابر جی پی ایس نیوی گیشن کی عدم موجودگی میں بھی اپنے ہدف کو انتہائی کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسٹریٹیجک پلان ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینیئر سائنسدانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق کامیاب تجربے پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجینیئرز کو مبارکباد دی۔

میزائل میں مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت بھی ہے جب کہ یہ سمندراور زمین  پراہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کے ذریعے بابر ویپن سسٹم ون بی کی رینج میں اضافہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں