صوبائی وزیر یاسر ہمایوں کا کورونا فنڈ میں 45 لاکھ کا چیک


لاہور: صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو کورونا فنڈ کے لیے 45 لاکھ 42 ہزار روپے کا چیک دیا۔

انہوں نے امدادی رقم کا چیک وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران انہیں پیش کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیشہ مصیبت کے وقت متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بے روزگار ہونے والوں کو وزیراعظم ریلیف فنڈ سے معاوضہ دیا جائے گا، عمران خان

عثمان بزدار نے کہا کہ دوسروں کے لیے جذبہ خیر پاکستانی قوم کو دیگر اقوام سے ممتاز کرتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں آنے والی پائی پائی کے امین ہیں، یہ فنڈ انتہائی شفاف انداز سے حق داروں تک پہنچایا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم آزمائش میں ہمیشہ سرخرو رہی ہے۔

خیال رہے کہ پورا ملک اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 تک پہنچ گئی.

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,255 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 31 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 812 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 13 ہزار 225، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔


متعلقہ خبریں