اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ پابندیاں ہٹانےمیں جلدبازی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، صوبوں نےلاک ڈاوَن ختم کیا تو وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کینیڈا کو دوبارہ سخت لاک ڈاوَن کی طرف دھکیلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا خطرہ اب تک ٹلا نہیں، احتیاط ضروری ہے، لاک ڈاوَن میں نرمی مرحلہ وار طریقے سے ہو گی۔
خیال رہے کہ کینیڈا میں کورونا سے آج مزید 121 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ ملک میں اموات کی کل تعداد 4 ہزار690 ہو گئی ہے۔
ورلڈ و میٹر کے مطابق کینیڈا میں کورونا کے مزید 1,185 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کینیڈا میں کورونا متاثرین کی تعداد 67,619 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔
پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 14 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 35 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 79 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
پرسکون نیند سے کورونا وائرس کو شکست دینا ممکن
اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 62 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 179 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 4 سوسے بڑھ گئی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 18 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 194 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 3 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 346 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 5 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔