پنجاب میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا، فیاض الحسن چوہان



لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو لاک ڈاؤن میں نرمی ہو گی اور ساری دکانیں اور عام بازار کھلے ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شاپنگ پلازہ اور مالز ہفتے کے ساتوں دن بند رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 6 بڑے شہروں کے علاوہ 15 اضلاع میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی خبر جھوٹی ہے۔

پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

خیال رہے کہ  پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد دس ہزار33 ہوگئی ہے جب کہ 183 اموات ہو چکی ہیں۔

صوبے میں پہلا کیس پندرہ مارچ کو سامنے آیا اور پانچ دن بعد 20 مارچ کو کیسز کی تعداد 104 ہو گئی۔کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے میں 19 دن لگے اور 3 اپریل کو تعداد 1072 ہو گئی۔

پنجاب میں پہلے پانچ ہزار کیسز 40 دن میں سامنے آئے اور24 اپریل کو پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5046 تک پہنچ گئی تھی۔

اگلے پانچ ہزار کیسز کی صرف 14 روز میں تصدیق ہوئی ۔ 8 مئی کو کورونا کیسز کی تعداد 10033 ہو گئی۔ پنجاب میں، پہلے کیس سے دس ہزار کیسز سامنے آنے میں 54 دن لگے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 956 کیسز 8 مئی کو سامنے آئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستانمیں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 594 ہو گئی جبکہ25 ہزار 837 مریض ہیں۔

سندھ میں کورونا کے اب تک  9 ہزار 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 10 ہزار 33، خیبرپختونخوا 3,956، بلوچستان 1,725، اسلام آباد 558، آزاد کشمیر 78 اورگلگت بلتستان میں 394 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔


متعلقہ خبریں