اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اراکین اسمبلی کو بتایا کہ گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنے والا امریکی پاکستان میں ہی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت کارکی گاڑی سے نوجوان کی ہلاکت پرکارروائی ہوگی اور امریکی سفارتخانہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو روند ڈالاتھا۔ حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔
پاکستان نے امریکی سفارتی عملے کی مجرمانہ غفلت پرامریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے جس کے مطابق حادثہ گاڑی ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔