چھوٹا کاروبار، عدالت کا سندھ حکومت کو تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کو چھوٹے کاروبار سے متعلق تفصیلات 14 مئی تک جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں چھوٹے کاروبار کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے کیا اقدامات کر رہی ہے ؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ حکومت نے ایس او پی کے تحت کچھ صنعتیں کھولنے کا اجازت نامہ جاری کیا ہے جبکہ کچھ کاروباری مراکز کو آن لائن کاروبار کرنے کی اجازات دی گئی ہے تاہم درآمد اور برآمد پر پابندی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ چھوٹی دکانیں آن لائن کاروبار کیسے کریں گی ؟ وفاقی و صوبائی حکومت نے بیشتر اقدامات کیے ہیں انہیں چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے بھی سوچنا چاہیے۔

عدالت نے ریمارس دیے کہ اسٹیشنری، الیکٹریشن اور دیگر کی عوام کو ضرورت پڑتی ہے ایسے کیسے کام چلے گا ؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ نائی کو دکان کھولنے کی اجازت نہیں ہے جس پر درخواست گزار نے کہا کہ کیا عوام اب واٹس ایپ پربال کٹوائیں گے ؟

یہ بھی پڑھیں بدعنوانی میں ملوث افسران کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کیلئے قانون تیار

درخواست گزار نے کہا کہ آن لائن تعلیم شروع ہو گئی ہے بچے کیسے لکھیں گے اسٹیشنری کی دکانیں بند ہیں۔


متعلقہ خبریں