اسلام آباد کا علاقہ شاہ اللہ دتہ کورونا کے باعث سیل


اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد شاہ اللہ دتہ اور اس سے ملحقہ آبادی کو سیل کر دیا ہے۔

اس ضمن میں ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی محکمہ صحت کے مشورے پر علاقے کو سیل کیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور اسپرے بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق شاہ اللہ دتہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک ہی گھر کے سات افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ ایف 7 مرکز میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے 7 افراد کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا۔

حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ تین روز قبل خاندان کے سربراہ کی وفات ہوئی تھی جس کے بعد متوفی کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت بیرون ملک سے آنیوالوں پر چار ارب خرچ نہیں کرسکتی، ڈی سی

ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کونٹیکٹ ٹریسنگ پر اُن کے بیٹے اور دیگر افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔

حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کی رہائش گاہ سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال تمام افراد کو اندر کورنٹائن کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور ٹریسنگ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں