کراچی میں تجارتی مراکز کھولنے سے متعلق سفارشات تیار

کراچی میں تجارتی مراکز کھولنے سے متعلق سفارشات تیار

کراچی: شہر قائد میں کاروباری اور تجارتی مراکز کھولنے سے متعلق سفارشات تیار کر لی گئیں۔

سفارشات کی تیاری کے لیے جائزہ کمیٹی کا اجلاس کمشنرکراچی افتخارشالوانی کے دفترمیں ہوا۔ اجلاس میں تاجر برادری کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا۔

جائزہ کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی سفارشات وزیراعلیٰ سندھ مشاورت کے لیے وفاقی حکومت کو دیں گے تاکہ ایک ایس او پی کے تحت ملک بھر میں کارروباری اور تجارتی مراکز کھولنے کا فیصلہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے تجارتی مراکز بند ہیں جس کی وجہ سے تاجروں اور دیہاڑی دار طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 176 افراد جاں بحق اور 8418 متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران17 افراد جاں بحق ہوئے 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ3721 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں2537، خیبرپختونخوا1235، بلوچستان432، گلگت بلتستان263، اسلام آباد181 اور آزاد کشمیرمیں49 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا میں کورونا وائرس کے سبب ایک لاکھ65ہزار سے زائد اموات

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 67 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ میں56، پنجاب42، بلوچستان5،اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔

اب تک 1970 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ بیرون ممالک سے 36 اور لوکل ٹرانسمیشن کے 64 فیصد کیسز سامنے آئے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 302 ٹیسٹ کیے گئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران4 ہزار 873 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ اس وقت پاکستان کے 590 اسپتالوں میں 2 ہزار 216 مریض زیرعلاج ہیں۔


متعلقہ خبریں