وفاقی حکومت کو اعلیٰ سطح اجلاس کے نتائج کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم



اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کواعلیٰ سطح اجلاس کے نتائج کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کے تحریری حکم کے مطابق اٹارنی جنرل نے بتایا کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وفاق کی جانب سے کورونا کے متعلق قانون سازی کیلئے مشاورت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ تمام صوبوں نے بھی کورونا سے تحفظ کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت کو طبی عملے کیلئے حفاظت لباس اور ٹیسٹنگ کٹس کی ملک میں تیاری کے متعلق بتایا گیا۔ وفاقی حکومت کے مطابق ملک بھر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر ہیں۔

عدالت نے تحریری حکم نامہ میں لکھا کہ میڈیکل عملہ کو پی پی ای سمیت تمام ضروری طبی سامان مہیا کیا جائے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے) کے سربراہ نے عدالت کو 40ہزار ڈاکٹرز کی رجسٹریشن جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کراچی میں 11 یونین کونسلز کو سیل کر دیا گیا، سندھ میں حالات بہت خراب ہیں عوام انتظامیہ سے تنگ آکر سراپا احتجاج ہے، سندھ کےعوام کو ضروری اشیا خریدنے کی کوئی سہولت نہیں دی جارہی۔

حکمنامے کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے 8 ارب روپے راشن تقسیم کرنے کی تفصیل پیش نہیں کی گئی۔سندھ حکومت آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔

عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے بین الصوبائی سفری پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔ تحریری حکمانے میں درج ہے کہ بین الصوبائی سفری پابندی لگانا آرٹیکل 15 کے تحت وفاق کا اختیار ہے۔ ازخود نوٹس کی مزید سماعت 20 اپریل کو ہوگی۔


متعلقہ خبریں