صنعتی شعبے کھولنے سے متعلق فیصلہ آج متوقع

Textile

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج صنعتی شعبے کو کھولنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ جس میں کورونا کے دوران معیشت چلانے سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی جانب سے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق مشاورت تیز کر دی گئی ہے اور صنعتوں کو مرحلہ وار کھولنے کی تجاویز بھی تیار کرلی  گئی ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات، صنعتوں اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے جبکہ وزیر اعظم سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ون آن ون ملاقات بھی کی۔

مشیر خزانہ نے وزیر اعظم کو احساس کیش پروگرام اور رعایتی قرضوں کے پروگرامز پر عمل درآمد سے آگاہ کیا۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 91 افراد جاں بحق جبکہ 5 ہزار 230 سے زائد متاثر ہیں۔ وبا کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 192 سے زائد  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2464 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ 1411، بلوچستان 228، خیبرپختونخوا 697، اسلام آباد 119، گلگت بلتستان 224 اور آزاد کشمیرمیں 40 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا سے سندھ میں 30، پنجاب 21، کے پی 34، گلگت بلتستان 3، بلوچستان 02 اور اسلام آباد میں بھی ایک مریض جاں بحق ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں فش ہاربر کراچی: حکومت نے تمام سرگرمیوں پہ پابندی لگادی

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاہور شہر کے بارہ  علاقے سیل ہیں جبکہ پشاور میں 5 مقامات کو 14 روز کے لیے قرنطینہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور یہ تعداد 15 مارچ کو تعداد 100، 20 مارچ کو 500 اور 24 مارچ کو ایک ہزار تک پہنچ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں