سعودی عرب میں کوروناکیسز کی تعداد2370ہوگئی

فائل فوٹو


جدہ: سعودی عرب میں کورونا وائرس کےمزید 191کیسزکی تصدیق ہوئی۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے اتوار کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 2370 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک شخص سے 70 افراد میں منتقل ہوا اور اس پر قابو پانے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

ترجمان سعودی وزارت صحت نے کہا ہمیں بڑے چیلنج کا سامنا ہے، حفاظتی اقدامات پر جتنا سختی سے عمل ہوگا وبا پر اتنی جلدی قابو پا لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال پہنچنے تک ایک مریض 30سے 40افراد کو متاثر کر دیتا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس ایک ماہ سے موجود ہے اور یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ کب تک رہے گا۔

سعودی عرب میں 420 سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور اب تک اس مہلک وائرس سے 29 اموات ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر محمد عبدالعالی کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس میں مبتلا بیشتر مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے ،بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

وزارت صحت اورمملکت میں دیگراداروں کی مثالی حکمت عملی کارگرثابت ہورہی ہے جس کے مثبت اثرات بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق جدہ گورنری کے سات علاقوں کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

ان علاقوں میں پہلے ہی کرفیو نافذ ہے اور ان کے مکین صبح چھے بجے سے سہ پہر تین بجے تک اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے جن احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا جارہا ہے ان پر سختی سے عمل کریں تاکہ جلد از جلد اس وبا پر قابو پایا جاسکے۔


متعلقہ خبریں