سپریم کورٹ کا جیلوں میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کا حکم


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حکومت کو چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت اور گلگت بلتستان کی جیلوں میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ پاکستان کے تین رکنی بینچ نے کورونا وائرس کے باعث قیدیوں کی رہائی کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ حکومت کی طرف سےاٹارنی جنرل خالد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر کورونا وائرس کے بچاؤ کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

ملک میں موجود حفاظتی کٹس، دستیاب وینٹی لیٹرزکی تفصیلات، ڈاکٹرزاور طبی عملے کو دی جانے والی تربیت کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا بتایا جائے اسپتال کورونا سے نمٹنے کے لیے کس حد تک تیار ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لیے ادویات اور بستروں کی دستیابی سے متعلق بھی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے جیلوں میں جانے والے تمام نئے قیدیوں کی اسکریننگ کا حکم دیتے کہا کہ مکمل اسکریننگ کے بعد ہی قیدیوں کو جیل میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ کسی قیدی میں کورونا کی علامات ظاہر ہوں تو اسے قرنطینہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں