صدر پاکستان کی سیاستدانوں سے اختلافات بھلانے کی اپیل

فائل فوٹو


اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے تمام سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں باہمی اختلاف بھلا لوگوں کی مدد کریں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ ہر گھر اور ہر خاندان نے کرنا ہے، ہر شخص پہلے اپنی حفاظت یقینی بنائے اور پھر دوسروں کی مدد کرے۔

ڈاکٹرعارف عارف علوی نے ہدایت کی کہ علمائے کرام اور میڈیا احتیاط اورآگاہی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

صدرپاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ صاحب رائے اور صاحب استطاعت لوگ اس صورتحال میں قوم کی مدد کریں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا ہے کہ ہم نے مصیبت کی گھڑی میں قومی جذبے، اتحادواخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں۔

فردوس اعوان نے کہا ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے اورلوگوں کا بھی خیال رکھے۔ ہم نے کورونا کی وباسے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے۔

معاون خصوصی نے ٹویٹ کیا کہ حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنا ہے۔ پرہجوم جگہوں پر نہ جائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور بار بار دھوئیں۔ اجتماعی سطح پر کاوشیں کرنے سے اس وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں