کراچی: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 213 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق آج تین افراد میں کورونا کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے۔
مجموعی طور پر سکھر 151، کراچی 61 اورحیدرآباد میں 1 شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 302 زائرین کے ٹیسٹ مکمل کیے جا چکے ہیں جس میں سے 151 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
سندھ میں مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پرایک سو پچاس تاجروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سندھ میں انٹرسٹی بس سروس کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے سندھ میں بس سروس آئندہ15روز کے لیے بند کر دی گئی ہے تاہم مال بردار ٹرانسپورٹ کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔ سندھ میں انٹرسٹی بس سروس کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہے۔ صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نقل و حرکت محدود رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
حکومت سندھ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کردیا ہے۔
قائم کردہ خصوصی فنڈ سے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج معالجہ کیا جائے گا اور درکار آلات کی خریداری ہوگی۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر خصوصی فنڈ ایک ارب روپے سے قائم کیا گیا ہے لیکن صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔