خواہش تھی ہاشم آملہ اور ڈیرن سیمی کھیلیں، چیئرمین پشاور زلمی

JAVED AFRIDI

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ میرا کرکٹنگ معاملات سے تعلق نہیں تاہم میری خواہش تھی کہ ہاشم آملہ اور ڈیرن سیمی کھیلیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو بہت محنت کے بعد پاکستان لائے، فینز کی مدد سے پاکستان سپر لیگ کامیاب ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: زلمی کے ہر دلعزیز کپتان ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے اب مقامی کھلاڑیوں کو موقع دیں، کورونا کے پیش نظر کھلاڑیوں کی واپسی سے متعلق فیصلے میں پی سی بی سمیت سب کی رائے شامل ہے اور اس کے پیچھے ہم کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے وطن واپسی کیلئے کراچی سے دو فلائٹس میں سیٹیں بک کرالیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نجی ائیر لائن ای کے-609 اور ای کے-603 سے غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن واپس جائیں گے۔

واپس جانے والے کھلاڑیوں میں  پشاور زلمی کے لیونگسٹن، ڈاؤ سن، کارلوس بریتھ ویٹ، گریگری اور ٹام بینٹن شامل ہیں۔

ملتان سلطان کے جیمز ونس اور رائلی روسو جبکہ کراچی کنگز کے ایلیکس ہیلز اور ڈیل پورٹ بھی واپس جارہے ہیں۔

مزید جانیں: سندھ حکومت کا پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ

دوسری جانب ترجمان لاہور قلندرز نے واضح کیا ہے کہ لاہور قلندرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کھیلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کے ساتھ اور وہ واپس نہیں جارہے۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعہ سے پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم میچز کروا رہے ہیں تاہم مزید رسک نہیں لےسکتے۔ اسٹیڈیم میں میچ ہوں گے لیکن شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس ضمن میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پی سی بی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سےمشاورت کےبعد کیا گیا۔


متعلقہ خبریں